پٹنہ(ت ن س)نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادونے کہاہے کہ آج بھی لوگ پولیس کے پاس جانے سے گھبراتے ہیں، پولیس کو زیادہ سے زیادہ عوام دوست ہوناچاہئے تاکہ لوگ ان تک آسانی سے پہنچ سکیں اور انہیں اپنے مسائل بتاسکیں۔ جب لوگ پولیس کے رابطہ میں رہیںگے تو جرائم پر قابوپانے میں میں سہولت ملے گی۔ نائب وزیراعلیٰ اتوار کو بہار پولیس مینس ایسوسی ایشن کے40ویں اجلاس عام سے خطاب کررہے تھے۔ نائب وزیراعلیٰ نے کہاکہ بہارپولیس عام لوگوں کے ساتھ اپنے سخت رویہ اور بے حسی کیلئے بدنام ہے۔ عام نظریہ ہے کہ پولیس سے دوستی اور دشمنی دونوں نقصاندہ ہے جب تک بہت ضرورت نہیں ہو عوام پولیس کے پاس نہیں جاتے۔ کہاجاتاہے کہ بہار میں پولیس کے کام کرنے کا طورطریقہ اور سلوک بہت سخت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کو غریبوں کے درمیان جانا چاہئے اور مو قع پر ہی ان کے مسائل کا حل نکال دیناچاہئے کیونکہ غریب لوگ آج بھی پولیس کے پاس جانے سے گھبراتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بہارپولیس کو زیادہ سے زیادہ عام لوگوں کے قریب آناچاہئے جس سے امن و قانون کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔ نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے کہا کہ اگر پولیس نہیں ہوگی تو کوئی ترقی نہیں ہوگی کیونکہ امن و امان کی بحالی کے لیے صرف پولس اہلکار ہی سب سے آگےرہتےہیں، چاہے وہ کورونا کا دور ہو یا فسادات۔ اس میں پولیس کا کردار اہم ہوتاہے۔ہم نئی نسل کے لوگ ہیں، ہم سب کو ذات پات، اونچ نیچ کو چھوڑ کر کام کرنا ہے۔ جو بھی آپ کا مطالبہ ہے، انہیںحکومت کے سامنے رکھوں گا اور آپ کے مطالبے کو پورا کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔افتتاحی تقریب کے دوران نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بہار پولس ایسوسی ایشن کے منتخب صدر مرتنجے سنگھ اور جنرل سکریٹری کلپیشور پاسوان اور دیگر منتخب لوگوں کو سرٹیفکیٹ دے کر مبارکباد دی۔دراصل، بہار پولیس ایسوسی ایشن کا انتخاب ہفتہ کو بی ایم پی 5 میں ہوا تھا۔ صدر کے عہدے کے لیے مرتنجے سنگھ اور جنرل سکریٹری کے عہدے کے لیے کپلیشور پاس گاڑی کو فاتح قرار دیا گیا۔