نئی دہلی: عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میںآج یعنی جمعہ کو 12 ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے کی 88 سیٹوں پر ووٹنگ کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔دوسرے مرحلے میں ان سیٹوں کے 1.87 لاکھ پولنگ اسٹیشنوں پر رجسٹرڈ 15.88 کروڑ سے زیادہ ووٹر 1206 امیدواروں کے انتخابی مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوگی اور شام 6 بجے ختم ہوگی۔ اس کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں سخت سیکیورٹی میں پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچادی گئی ہیں۔الیکشن کمیشن کے پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق دوسرے مرحلے میں مدھیہ پردیش کی بیتول سیٹ پر انتخابات ہونا تھے لیکن بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے امیدوار کی موت کے بعد اب اس سیٹ پر انتخابات تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو منعقد ہوں گے۔کمیشن نے منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں اور بزرگ اور معذور ووٹرز کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کیرالہ سے 20، کرناٹک سے 14، راجستھان سے 13، مہاراشٹر اور اتر پردیش سے آٹھ، آٹھ، مدھیہ پردیش سے چھ، آسام اور بہار سے پانچ، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال اور جموں سے تین تین سیٹیںمیں ہیں۔ کشمیر، منی پور اور تریپورہ میں ایک ایک سیٹ پر ووٹنگ ہوگی۔ کل ملاکر 1206 امیدوار انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ریلیز کے مطابق کل صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ کمیشن کے مطابق ووٹنگ کے اوقات پارلیمانی حلقوں کے لحاظ سے بھی مختلف ہو سکتے ہیں۔ اس کے لیے انتخابی عہدیداروں کی ٹیمیں ای وی ایم مشینوں کے ساتھ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچا دی گئی ہیں۔اس مرحلے میں جن امیدواروں کا مستقبل ای وی ایم مشینوں میں درج ہونا ہے ان میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کیرالہ کی وائناڈ سیٹ سے، مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت، راجیو چندر شیکھر، سابق مرکزی وزیر ششی تھرور ،ہیما مالنی اور چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی بھی شامل ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنرس گیانش کمار اور شری سکھبیر سنگھ سندھو نے انتخابات کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔ عام انتخابات 2024 کے دوسرے مرحلے کے پولنگ دن کے موقع پر ملک کے 15.88 کروڑ سے زیادہ ووٹروں کو ایک پیغام میں، انہوں نے کہا، "آپ اپنا ووٹ ڈالیں اور ‘انتخابات کے تہوار، ملک کے فخر کے جشن میں حصہ لیں۔ "قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں 16.63 کروڑ ووٹروں نے 1605 امیدواروں کے انتخابی مستقبل کا فیصلہ کیا تھا جن میں مرکزی وزیر نتن گڈکری، کرن رجیجو، ارجن رام میگھوال، کل آٹھ مرکزی وزیر، دو سابق وزیر اعلیٰ اور ایک سابق گورنر۔ پہلے مرحلے میں 102 سیٹوں پر اوسطاً 62 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی تھی۔