اسلام آباد: پاکستان کے خیبرپختونخواواقع باجوڑ میں زورداربم دھماکے کی خبرہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بم دھماکے میں کم ازکم 30 افراد جا ں بحق اور 60 افراد شدید زخمی ہوئےہیں۔ جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ بعید از قیاس نہیں ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ورکرز کانفرنس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے دھماکہ جے یو آئی (ف )کے اجلاس کو نشانہ بنا کر کیا۔ جائے حادثہ پر راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ ساتھ ہی زخمیوں کو موقع سے اسپتال لے جایا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا پر دھماکے کے بعد کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں، جن میں بم دھماکے کو دیکھا جا سکتا ہے۔ اس واقعہ کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ جے یو آئی( ف) کے سینئر رہنما حافظ حمد اللہ نے پاکستانی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی ہے کہ زخمیوں کے لیے ہنگامی طبی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
ابھی گزشتہ منگل کو ہی خیبر پختونخوا میں ایک زیر تعمیر مسجد میں خودکش حملہ ہوا، جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔ اس واقعہ کی خوفناک ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ دی ڈان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 18 جون 2022 سے 18 جون 2023 تک خیبرپختونخوا میں 665 دہشت گرد حملے ہوئے جن میں 15 خودکش دھماکے بھی شامل تھے۔