نئی دہلی: کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بی جے پی صدر جے پی نڈا کے کھڑگے کے خط کے جواب پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے نڈا کے رویے کو ’گھٹیا اور جارحانہ‘ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر ایک سینئر لیڈر کی بے عزتی کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ پرینکا گاندھی نے کہا کہ مودی کو خود اس خط کا احترام کے ساتھ جواب دینا چاہیے تھا، کیونکہ یہ جمہوریت کے اصولوں اور بزرگوں کے احترام کا تقاضا ہے۔
کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی صدر جے پی نڈا کے خط کو ہدفِ تنقید بنایا ہے۔ یہ خط مودی کو لکھے گئے کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کے خط کے جواب میں تھا، جو راہل گاندھی پر بی جے پی کے کچھ لیڈران کی جانب سے دئے گئے قابل اعتراض بیانات سے متعلق تھا۔