نئی دہلی: کانگریس نے ہفتہ کو جموں و کشمیر انتظامیہ پر کٹھوعہ ضلع کے بلاور حلقہ میں پرینکا گاندھی کے ہیلی کاپٹر کو اترنے میں مدد نہ کرنے اور ان کی انتخابی مہم میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔ دراصل، پرینکا گاندھی کو جموں خطہ کے بلاور اور بشنہ حلقوں میں ریلیوں سے خطاب کرنا تھا، لیکن ان کا ہیلی کاپٹر وہاں نہیں اتر سکا۔ اس وجہ سے وہ پارٹی کے امیدوار اور سابق وزیر ڈاکٹر منوہر لال کے لیے خطاب نہیں کر سکیں۔دوسری جانب قائد حزب اختلاف راہل گاندھی بھی چمب اور رام گڑھ حلقوں میں ریلیوں سے خطاب کرنے والے تھے لیکن جمعہ کو ان کے ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ جموں و کشمیر کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے مرکزی ترجمان رویندر شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا، ‘ہم اس بارے میں انتظامیہ سے وضاحت طلب کرتے ہیں۔ پرینکا گاندھی کی بلاور ریلی میں انتظامیہ نے خلل ڈالا ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور الیکشن کمیشن سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔