نئی دہلی۔ یو اے پی اے قانون کے تحت گرفتار کئے جانے والے نیوز کلک کے بانی پربیر پورکیاستھا اور ان کے ایچ آر سربراہ امیت چکرورتی کی درخواستوں پر سماعت کو دیوالی کی تعطیلات تک سپریم کورٹ نے ملتوی کردیا ہے۔جسٹس بی آر گائی اورپرشانت کمار مشرا پر مشتمل ایک بنچ نے دونوں ملزمین کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل سبل سے کہاکہ درخواستوں پرتعطیلات کے بعد سماعت کی جائے گی۔ سبل نے کہاکہ یہ معاملہ عدالت عظمیٰ کے حالیہ فیصلے کا احاطہ کرتا ہے جس کے تحت یہ کہاگیاتھا کہ گرفتاری کی بنیادوں کو فوری طور پرملزمین کے ساتھ شیئر کیاجانا چاہئے لیکن اس معاملے میں ایسا کچھ نہیں ہو اہے۔
انہو ں نے کہاکہ طبی خطوط پر ضمانت کی درخواست بھی عدالت میں زیرالتوا ء ہے۔ سپریم کورٹ نے 19اکتوبر کے روز دہلی ہائی کورٹ کے 13اکتوبر کے روزدہلی ہائی کورٹ کے حکم کو چیالنج کرنے والی درخواست پر دہلی پولیس سے جواب طلب کیاتھا۔ہائی کورٹ نے 13اکتوبر کے روزاس کیس میں گرفتاری اور اس کے بعد ریمانڈ کے خلاف ان کی درخواستوں کو مسترد کردیاتھا۔ دونوں کودہلی پولیس کے اسپیشل سل نے گرفتار کیاتھا۔اس کے بعد انہوں نے گرفتاری کے ساتھ ساتھ سات دن کی پولیس حراست کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا رخ کیااور عبوری راحت کے طور پرفوری رہائی کامطالبہ کیا۔تاہم عدالت نے انہیں راحت دینے سے انکارکیااور کہاکہ ان کی گرفتاری میں غیرقانونی سرگرمیوں (روک تھام)ایکٹ یو اے پی اے کی دفعات کی کوئی ضابطے کی خلاف ورزی یا کمزوری نہیں ہے۔
دہلی پولیس نے موافق چین پروپگنڈہ پھیلانے کے لئے مبینہ پیسے حاصل کرنے پر یو اے پی اے کے تحت دونوں پر مقدمات درج کئے ہیں۔ایف ائی آر کے بموجب نیوز پورٹل کے مبینہ طورپر چین سے فنڈزکی ایک بڑی رقم ”ہندوستان کی خود مختاری کو متاثر کرنے“اور ملک کے خلاف عدم اطمینان پیدا کرنے کے لئے آئی تھی۔اس میں یہ بھی الزام لگایاگیاہے کہ پورکایاستھا نے 2019کے لوک سبھا انتخابات کے دوران انتخابی عمل کوسبوتاج کرنے کے لئے ایک گروپ۔ پیپلز الائنس فار ڈیموکرسی اینڈ سکیولرزم (پی اے ڈی ایس)کے ساتھ سازش کی تھی۔ دہلی کی ایک عدالت نے 2نومبر کو دونوں کویکم ڈسمبرتک عدالتی حراست میں بھیج دیاتھا۔