سرینگر:جموں و کشمیر اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے لیے آج ووٹنگ شروع ہو گئی۔ اس مرحلے میں چھ اضلاع کی 26 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی، جن میں سے تین اضلاع جموں ڈویژن اورتین اضلاع وادی میں ہیں۔ اس مرحلے کے نمایاں امیدواروں میں سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جمو ں و کشمیر کانگریس کے صدر طارق حامد قرہ اور بی جے پی جموں و کشمیر کے رہنما روندر رینا شامل ہیں۔
انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تقریباً 25 لاکھ ووٹرز 239 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی سہولت کے لیے 3,502 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے ہیں جن میں سے 1,056 شہری اور 2,446 دیہی علاقوں میں ہیں۔دوسرے مرحلے میں کئی نمایاں امیدوار ہیں۔ عمر عبداللہ، جو الیکشن نہیں لڑنا چاہتے تھے، گاندربل اور بڈگام سیٹوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حامد قرہ سنٹرل شانتینگ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
بی جے پی کے ریاستی صدر روندر رینا نوشہرہ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے 2014 میں یہ سیٹ جیتی تھی۔ الیکشن کمیشن نے شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنز پر ویب کاسٹنگ کی سہولت فراہم کی ہے۔ ان کے علاوہ 157 خصوصی ووٹنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔