ملن پور:گجرات ٹائٹنز نے پنجاب کنگز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔مہاراجہ یدویندرسنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پنجاب کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 142 رنز بنائے۔ جب گجرات کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے میدان میں اتری تو بلے بازوں کو اندازہ ہوگیا کہ پچ پر رنز بنانا آسان نہیں ہے۔ گجرات کے لیے آغاز بہت سست اور خراب تھا کیونکہ ریدھیمان ساہا صرف 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ شبھمن گل اور سائی سدرشن کے درمیان 41 رنز کی شراکت ہوئی لیکن ٹیم کا رن ریٹ بہت سست تھا۔ دسویں اوور میں شبھمن گل 29 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم دس اوور کے اختتام پر ٹیم کا سکور صرف 68 رنز تھا۔ درمیانی اوورز میں لیام لیونگسٹون پنجاب کنگز کے لیے بہت اہم ثابت ہوئے جنہوں نے اپنے لگاتار اوورز میں 4 رنز کے سکور پر شبھمن گل اور ڈیشنگ بلے باز ڈیوڈ ملر کو آؤٹ کیا۔
14ویں اوور تک گجرات کی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز کے ساتھ کھیل رہی تھی۔ اگلے 2 اوورز میں میچ کا رخ تبدیل ہونے والا تھا۔ پہلے سائی سدرشن کو سیم کرن نے کلین بولڈ کیا جنہوں نے 34 گیندوں میں 31 رنز بنائے۔ عظمت اللہ عمرزئی بھی اگلے ہی اوور میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 10 گیندوں میں 13 رنز بنائے۔ میچ اس مرحلے پر پہنچ گیا تھا کہ گجرات کو آخری 3 اوورز میں 25 رنز درکار تھے، لیکن پچ کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں اسکور کرنا آسان نہیں تھا۔ اسی دوران کاگیسو ربادا نے اننگز کے 18ویں اوور میں 20 رنز دیے اور یہیں سے میچ یکطرفہ ہوگیا۔ گجرات کو جیت کے لیے آخری 12 گیندوں میں صرف 5 رنز درکار تھے۔ ہرشل پٹیل نے 19ویں اوور میں 2 وکٹیں حاصل کیں لیکن گجرات ٹائٹنز یعنی جی ٹی کو آخری 6 گیندوں پر صرف 1 رن بنانا پڑا۔ راہل تیوتیا نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر فاتحانہ شاٹ لگایا اور اس کے ساتھ ہی گجرات نے یہ میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا۔