نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے حال ہی میں کیرالہ کے وائناڈ میں تباہی کا شکار بنے لوگوں کی مدد کے لیے اپنی ماہانہ تنخواہ (دو لاکھ 23 ہزار روپے) عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس بات کی اطلاع دی، جس میں انہوں نے تمام ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے جتنا ہو سکے، تعاون کریں۔ راہل گاندھی نے اس پوسٹ میں کہا، ’’ہمارے بھائیوں اور بہنوں نے وائناڈ میں ناقابلِ تصور نقصانات کا سامنا کیا ہے اور انہیں بحالی کے لیے ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ متاثرین کی مدد اور ان کی بحالی کے لیے میں نے اپنی مکمل ماہانہ تنخواہ کو عطیہ کر دیا ہے۔ میں تمام ہندوستانیوں سے مودبانہ درخواست کرتا ہوں کہ وہ بھی جتنا ہو سکے، تعاون کریں۔ ہر مختصر سا تعاون بھی فرق پیدا کر سکتا ہے۔
وائناڈ ایک خوبصورت علاقہ ہے اور اس کی لوگوں نے جو نقصانات اٹھائے ہیں، ان کی بھرپائی کے لیے ایک اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ہم سب مل کر اس خوبصورت علاقے کے لوگوں کی زندگیوں کو دوبارہ تعمیر کرنے میں مددگار بن سکتے ہیں، جو بہت کچھ کھو چکے ہیں۔