نوادہ :بہار کے نوادہ ضلع میں گزشتہ روز پیش آئے مہادلتوں کے گھروں کو جلانے کے واقعے پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے حکومت پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ مہادلت برادری کے پورے گاؤں کو جلانے اور 80 سے زیادہ خاندانوں کے گھروں کو تباہ کرنے کا یہ واقعہ بہار میں دبے کچلے طبقے کے خلاف ظلم کی ایک خوفناک تصویر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وحشیانہ کارروائی کے بعد بھی بہار کی حکومت اور ریاستی پولیس خاموش ہیں، جو اس بدترین واقعے کی سنگینی کو نظرانداز کر رہی ہیں۔
راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور اس کے اتحادی حکومتوں کے سائے میں اس طرح کے افراتفری پھیلانے والے عناصر کو پشت پناہی ملتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر دلتوں اور پسماندہ طبقات کو ڈرا کر ان کے آئینی حقوق مانگنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ گاندھی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی اس سازش کی تائید ہے۔
راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’نوادہ میں مہادلتوں کا پورا گاؤں جلا دینا اور 80 سے زیادہ خاندانوں کے گھروں کو تباہ کر دینا، بہار میں پسماندہ طبقات کے خلاف ایک خوفناک تصویر پیش کر رہا ہے۔ ان دلت خاندانوں کی چیخ و پکار اور فائرنگ کی شدت کے باوجود، محروم طبقات میں پھیلا ہوا خوف اور دہشت بھی بہار کی سوئی ہوئی حکومت کو بیدار کرنے میں ناکام رہا۔