لداخ ِ:کانگریس کے مطابق راہل اپنے والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی سالگرہ 20 اگست کو پینگونگ جھیل پر منائیں گے۔ راہل گاندھی نے جمعہ کو لداخ کے اپنے پہلے دورے کے دوران لیہہ میں 500 سے زیادہ نوجوانوں کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کیا۔آرٹیکل 370 اور 35(اے)کے خاتمے اور جموں و کشمیر سے الگ ہونے کے بعد ایک نئے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی تشکیل کے بعد راہل کا لداخ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس سے پہلے کل لداخ میں قیام کے دوران راہل گاندھی کارگل میموریل گئے تھے۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں کے ساتھ ایک انٹرایکٹو پروگرام میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے لیہہ میں فٹ بال میچ بھی دیکھا۔
کانگریس لیہہ ضلع کے ترجمان اور ایل اے ایچ ڈی سی-لیہہ میں قائد حزب اختلاف تسیرنگ نامگیال نے کہا، ‘راہل گاندھی نے جمعہ کو لیہہ کے ایک بھرے آڈیٹوریم میں 500 سے زیادہ نوجوانوں کے ساتھ 40 منٹ طویل انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا۔کانگریس لیڈر خطے کے دو روزہ دورے پر جمعرات کو لیہہ پہنچے۔ تاہم ان کے دورے کو 25 اگست تک بڑھا دیا گیا ہے۔ راہل کا یہ دورہ اگلے سال ہونے والے عام انتخابات سے پہلے ہو رہا ہے۔
راہل گاندھی جمعرات کو لداخ پہنچے، جہاں لیہہ ہوائی اڈے پر پارٹی لیڈران اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اگرچہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے اس سال کے شروع میں دو بار سری نگر اور جموں کا دورہ کیا تھا لیکن انہوں نے لداخ کا دورہ نہیں کیاتھا ۔