ایودھیا : ایودھیا کے رام مندر میں رام للا وراجمان ہوچکے ہیں ۔ شنکھ ناد اور منتروں کے جاپ کے درمیان رام للا اپنے گربھ گرہ میں وراجمان ہوئے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ’شبھ مہورت‘ میں رام للا کی پران پرتشٹھا کی۔ اس کے بعد ایودھیا جئے شری رام کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس کے بعد رام مندر احاطے میں ہیلی کاپٹر سے پھولوں کی بارش کی گئی۔آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت، اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ اور گورنر آنندی بین پٹیل رام للا کی پران پرتشٹھا کے موقع پر وزیراعظم مودی کے ساتھ موجود تھے۔ رام للا کی پران پرتشٹھا کے ساتھ ہی رام مندر کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا اور اس نئے مندر کو عقیدت مندوں کے لیے کھول دیا گیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی چاندی کا چھتر لے کر رام مندر کے ’گربھ گرہ‘ میں پہنچے۔ انھوں نے ایودھیا میں شری رام جنم بھومی مندر میں رام للا کی مورتی کی رونمائی کی اور پھر اس طرح ہندوؤں کا صدیوں پرانا ایک خواب پورا ہو گیا۔ رام للا کی پران پرتشٹھا تقریب کی شروعات ’منگل دھونی‘ (خوش کن موسیقی) کے درمیان ہوئی۔ پھر پانچ سال پرانی رام للا کے 5 فیٹ اونچے مجسمہ کا دیدار پوری دنیا نے کیا۔ یہ عمل ’شنکھ ناد‘ اور ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مندر پر پھولوں کی بارش کے درمیان مکمل ہوا۔