نئی دہلی : دہلی کیپٹلز کا کپتان مقرر کیے جانے کے بعد رشبھ پنت آئی پی ایل 2024 میں کھیلنے کے لیے بلند حوصلے کے ساتھ تیار ہیں۔واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں ایک خوفناک کار حادثہ کا شکار ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پَنت 14 مہینے تک کرکٹ سے دور رہے۔ لیکن اب وہ پوری طرح سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ دہلی کیپٹلز کے سربراہ اور مالک پارتھ جندل نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ’’ہمیں اپنے کپتان کی شکل میں رشبھ کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ صبر اور بے خوفی ہمیشہ ان کے کرکٹ میں اہم رہا ہے۔ ہم نئے جوش اور جنون کے ساتھ نئے سیشن کا انتظار کر رہے ہیں اور میں انھیں ایک بار پھر ہماری ٹیم کو میدان پر لے جاتے ہوئے دیکھنے کا انتظار نہیں کر سکتا۔اس سے قبل بی سی سی آئی نے پَنت کو اس سال کے آئی پی ایل میں وکٹ کیپر بلے باز کی شکل میں کھیلنے سے متعلق منظوری دے دی تھی۔ بورڈ نے ایک میڈیکل اَپڈیٹ میں کہا تھا کہ ’’اتراکھنڈ کے روڑکی کے پاس 30 دسمبر 2022 کو سڑک حادثہ کے بعد 14 مہینے کی سخت محنت کے عمل سے گزرنے کے بعد رشبھ پنت کو اب آئندہ آئی پی ایل 2024 کے لیے وکٹ کیپر بلے باز کی شکل میں فِٹ قرار دیا گیا ہے۔