نئی دہلی :آج شیئر مارکیٹ نے اپنے پچھلے سبھی ریکارڈ توڑ کر حیرت میں ڈال دیا۔ ’ویکلی ایکسپائری‘ یعنی جمعرات کے دن بھی ہندوستانی شیئر بازار میں ریکارڈ سبقت دیکھنے کو ملی۔ سنسیکس اور نفٹی کے ساتھ ساتھ بینک نفٹی بھی جمعرات کو انٹرا ڈے میں نئے آل ٹائم ہائی پر پہنچ گئے۔ جمعرات کو سنسیکس 474.46 (0.71 فیصد) پوائنٹ کی سبقت کے ساتھ 67571.90 کی سطح پر بند ہوا، جبکہ نفٹی 146 (0.74 فیصد) پوائنٹس چڑھ کر 19979.15 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ ہفتہ کے چوتھے کاروباری دن نفٹی پہلی مرتبہ 20000 کے انتہائی قریب پہنچ گیا۔ علاوہ ازیں نفٹی انڈیکٹ انٹرا ڈے میں 19991 کی سطح تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔
آج شیئر بازار کی ریکارڈ توڑ کارکردگی میں بینکنگ، فارما اور ایف ایم سی جی کے شیئرس نے جوشیلے انداز میں پرواز بھری۔ نفٹی میں آئی ٹی سی، کوٹک بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک کے شیئرس سب سے زیادہ منافع کمانے والے ثابت ہوئے، جبکہ انفوسس 2 فیصد تک ٹوٹ گیا۔ اگر شیئر بازار میں تیزی کے اسباب پر غور کریں تو پتہ چلتا ہے کہ ڈالر کے مقابلے ہندوستانی روپے کی مضبوطی ایک اہم وجہ ہے۔ علاوہ ازیں دنیا بھر کے بازاروں سے مضبوط اشارے مل رہے ہیں اور ایف آئی آئی کا گھریلو بازار پر بھروسہ بھی مضبوط ہوا ہے۔ ہیوی ویٹ اسٹاکس کی خریداری سے بھی شیئر بازار کو مضبوطی ملی ہے۔