بھوپال :اردو صرف ایک شیریں ہی نہیں بلکہ زندہ زبان ہے۔ یہ ایک ایسی زبان ہے جس کے چاہنے والوں اور فروغ دینے والوں میں سبھی طبقے کے لوگ شامل ہیں۔ تحریک آزادی میں اردو زبان نے مثالی کردار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن مدھیہ پردیش چیپٹر کے زیر اہتمام راجدھانی بھوپال کے کوہ فضا میں منعقدہ تقریب میں کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نے ممتازمحقق، ادیب،صحافی و شاعر ڈاکٹر مہتاب عالم کی کتاب کے اجراء کے موقعہ پر کیا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر مہتاب عالم کی مختلف موضوعات پر اب تک چودہ کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں۔ کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نے ڈاکٹر مہتاب عالم کی پندرہویں کتاب شعری مجموعہ چاہت کا بھوپال میں منعقدہ پروقار تقریب میں اجراء کیا۔ڈاکٹر مہتاب عالم کی تحقیقی کتاب نہ صرف مدھیہ پردیش محکمہ ہائر ایجوکیشن کے نصاب میں شامل ہے بلکہ دیگر ریاستوں میں بھی ڈاکٹر مہتاب عالم کی تحقیقی کتاب وسط ہند میں اردو ادب پر تحقیقی کام جاری ہے اور یہ کتاب شامل نصاب ہے۔ ڈاکٹر مہتاب عالم کی تحریروں کا دائرہ وسیع ہے۔
نہوں نے تحقیقی کام کے علاوہ شاعری،ناول نگاری،افسانہ نگاری اور ڈرامہ میں بھی وقیع کام کیا ہے۔ ان کے ناول تہذیب کو بھی مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعہ نیشنل ایوارڈ سے سرفراز کیا جاچکاہے۔ کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نے جب ڈاکٹر مہتاب عالم کے شعری مجموعہ چاہت کا اجراء کیا تو سابق ڈی جی پی چھتیس گڑھ ایم ڈبلیو انصاری نے انہیں مہتاب عالم کے تاریخی ناول تہذیب اور تحقیقی کام وسط ہند میں اردو ادب کے بارے میں تفصیل سے بتایا تو انہوں نے دونوں کتابوں کو پڑھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مہتاب عالم کے ذریعہ کیرالا گورنر عارف محمد خان کو وسط ہند میں اردو ادب اور ناول تہذیب کو بھی خصوصی طور پر پیش کیاگیا۔
کیرالا گورنر عارف محمد خان نے ڈاکٹر مہتاب عالم کی تحقیق پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مہتاب عالم کا مطالعہ وسیع ہے اور یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ سر سید نے قوموں کی سربلندی کے لئے تحقیق اور تقابلی مطالعہ کا جو خاکہ پیش کیاتھا مہتاب عالم اس سے روشنی لیتے ہوئے اپنا کام کر رہے ہیں۔ڈاکٹر مہتاب عالم کا تحقیقی کام بہت وقیع ہے اور اس میں تنوع بھی ہے۔یہ کتابیں نہ صرف ادب میں اضافہ ہیں بلکہ اردو تحقیق کے طلبا کے لئے اہمیت کی حامل ہیں ۔
عارف محمد خان نے اپنے خطاب میں سر سید احمد خان کی تعلیمی کو زمانے کی ضرورت قرار دیتے ہوئے سائنسی شعور کے ساتھ کام کرنے پر بھی زور دیا ۔ عارف محمد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آگے کہا کہ تعلیم میں تمام کامیابی کا راز پوشیدہ ہے ۔مسلمانوں کے پاس کتاب حکمت ہے اس کتاب حکمت میں اقراء سے تعلیم کے حصول کی تلقین کی گئی ہے ۔قران کو ماننے والوں کو چاہیے کہ علم کے حصول کو زندگی کا مقصد بنائیں۔ پروگرام میں ملک کی تعمیر و ترقی اور مسلمانوں کے مختلف مسائل پر دانشوروں نے جب سوال کیے تو کیرالا کے گورنرعارف محمد خان نے دلائل کے ساتھ جواب دیا۔