نئی دہلی :اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے وزارت خارجہ، پرسار بھارتی اورآئی ٹی پی اوافسران کے ساتھ، بین الاقوامی میڈیا سینٹر اور پرسار بھارتی کے کمان مرکز میں انتظامات کا جائزہ لیا۔سوشل میڈیا پر خصوصی پوسٹ میں ٹھاکر نے کہا کہ نئی دلّی میں جی ٹوئنٹی سربراہ کانفرنس، ملک کیلئے اب تک کا سب سے بڑا موقع ہوگا، جب وزیر اعظم کی قیادت میں، دنیا کی سبھی بڑی طاقتوں کی میزبانی کی جائے گی۔ جناب ٹھاکر نے کہا کہ اندرون ملک اور بین الاقوامی میڈیا میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے کیونکہ میڈیا کے ہزاروں افراد، اِن تقریبات کی کوریج کرنے کیلئے اپنا اندراج کرا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سربراہ کانفرنس کے اصل مقام ”بھارت منڈپم“ کی مطابقت سے، ایک جدید ترین بین الاقوامی میڈیا مرکز قائم کیا گیا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ پرسار بھارتی نے، ’بھارت منڈپم‘ میں اصل تقریب کی کوریج کیلئے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ ساتھ ہی مہمان شخصیتوں کے ہوائی اڈے پر پہنچنے، کانفرنس کے مقام پر پہنچنے، پودے لگائے جانے، دو طرفہ میٹنگز اور راج گھاٹ پر منعقد ہونے والی تقریبات جیسی جگہوں پر بھی زبردست انتظامات کیے گئے ہیں۔ نئی دلّی میں سبھی متعلقہ مقامات پر یہ کوریج، براڈ کاسٹنگ کی الٹرا ہائی ڈیفنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی، جس میں جدید ترین انداز کے 4 کے براڈ کاسٹ کیمرہ نظام کا استعمال کیا جائے گا۔