بنگلورو : مہلک گیندبازی اور چست فیلڈنگ کے بعد وراٹ کوہلی (42) اور کپتان فاف ڈو پلیسس (64) کے درمیان 92 رن کی یادگار شراکت کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے ہفتہ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 52ویں میچ میں گجرات ٹائٹنز کو چار وکٹ سے شکست دے دی۔گجرات ٹائٹنز نے پہلے کھیلتے ہوئے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں 19.3 اوور میں 144 رن بنائے جس کے جواب میں آر سی بی نے فتح کا ہدف 13.4 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
محمد سراج، یش دیال اور وجے کمار وشاخ نے پہلے ہی اپنی مہلک گیندبازی سے گجرات کو سستے میں سمیٹ کر اپنی ٹیم کی جیت کی امیدیں جگا دی تھیں اور وراٹ اور ڈو پلیسس نے رنوں کی بارش کر کے اس امید کو حقیقت میں بدل دیا۔دونوں بلے بازوں نے پہلے پاور پلے میں انتہائی جارحانہ انداز میں رنز بنائے اور کچھ ہی دیر میں 5.5 اوورز میں 92 رن اسکور بورڈ پر چمکنے لگے اور میدان میں بیٹھے بنگلورو کے حامیوں کو لگنے لگا کہ فتح دس اوورز میں ہی مل جائے گی لیکن نور محمد کے ہاتھوں ڈو پلیسس کی وکٹ گرنے کے بعد دوسرے سرے سے وکٹوں کا گرنا شروع ہوگیا اور اگلی پانچ وکٹیں صرف 25 رن جوڑنے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ وراٹ کا چھٹا وکٹ گرنے کے بعد میچ کچھ حد تک متوازن ہو گیا لیکن تجربہ کار دنیش کارتک (21 ناٹ آؤٹ) اور سوپنل سنگھ (15 ناٹ آؤٹ) نے گجرات کے گیند بازوں کو کوئی موقع نہیں دیا اور بنگلورو کو آسان فتح دلائی۔