کولکاتا: مغربی بنگال حکومت نے بدھ کے روز ریاست کے ایک تارکین وطن کارکن صابر ملک کی اہلیہ کو نوکری فراہم کی، جسے 27 اگست کو ہریانہ میں گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ملک کی اہلیہ شکیلہ سردار کو تقرری نامہ سونپا، جو اپنی چار سالہ بیٹی کے ساتھ ریاستی سیکرٹریٹ نبنا تشریف لائی تھیں۔خیال رہے کہ صابر ملک کو ہریانہ کے چرخی دادری ضلع میں گئو رکشکوں کی جانب سے گائے کے گوشت کے نام پر موب لنچنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا اور ترنمول کانگریس اس معاملے پر لگاتار آواز اٹھا رہی ہے۔ ترنمول کی جانب سے، پارٹی کے لوک سبھا ایم پی سمیر الاسلام نے متاثرہ خاندان کے ارکان سے رابطہ کیا اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کے بارے میں بتایا۔
ذرائع کے مطابق شکیلہ سردار کو محکمہ لینڈ اینڈ لینڈ ریفارمز میں ایک سال کے لیے کنٹریکٹ پر تعیناتی دی گئی ہے۔ ایک سال کے بعد انہیں گروپ ڈی اسٹاف کے طور پر شامل کیا جائے گا۔ نوکری کی پیشکش متاثرہ کے خاندان کو پہلے سے دیے گئے 3 لاکھ روپے کے معاوضے کے علاوہ ہے۔وہیں، ہریانہ کے چرخی دادری ضلع میں صابر ملک کے قتل کے الزام میں 5 مبینہ گئو رکشکوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دو نابالغوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق ملزمان کو شبہ تھا کہ ملک نے گائے کا گوشت کھایا ہے، اس لیے انہوں نے اسے قتل کرنے کی سازش کی۔ ملزمان نے ملک اور ایک اور مزدور کو 27 اگست کو پلاسٹک کی خالی بوتلیں فروخت کرنے کے بہانے ایک دکان پر بلایا اور ان کی پٹائی کی۔ واقعے میں ملک جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا مزدور اسپتال میں زیر علاج ہے۔گرفتار کیے گئے 5 افراد کی شناخت ابھیشیک، موہت، رویندر، کمل جیت اور ساحل کے طور پر کی گئی ہے۔ ملک ہریانہ کے چرخی دادری ضلع کے ایک گاؤں میں کچرا جمع کرنے کا کام کرتا تھا، جہاں کے زیادہ تر باشندے مہاجر مزدور ہیں۔