ممبئی:بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان بالی ووڈ اور کھیل کے شعبے سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات میں ٹیکس ادا کرنے میں پہلے نمبر پر ہیں۔ شاہ رخ خان نے مالی سال 2023-24 میں 92 کروڑ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا ہے۔ دوسرے نمبر پر تامل فلموں کے اداکار وجے ہیں جنہوں نے گزشتہ مالی سال کے دوران 80 کروڑ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا ہے۔ کھلاڑیوں میں انکم ٹیکس ادا کرنے کے معاملے میں کرکٹر ویراٹ کوہلی پہلے نمبر پر ہیں جنہوں نے 66 کروڑ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا جب کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی 38 کروڑ روپے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
فارچون انڈیا نے مالی سال 2023-24 کے لیے مشہور ٹیکس دہندگان کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست کے مطابق شاہ رخ خان نے 92 کروڑ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا ہے۔ اداکار وجے 80 کروڑ روپے کی ٹیکس ادائیگی کے ساتھ دوسرے اور سلمان خان 75 کروڑ روپے کی ٹیکس ادائیگی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ بگ بی یعنی امیتابھ بچن نے 2023-24 میں 71 کروڑ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا ہے۔ اجے دیوگن نے 42 کروڑ اور رنبیر کپور نے 36 کروڑ کا انکم ٹیکس ادا کیا ہے۔