سعودی عرب میں ایک کار سوار کے ذریعہ امریکی قونصلیٹ جنرل کے باہر فائرنگ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فائرنگ میں ایک سیکورٹی گارڈ کی موت ہو گئی اور جوابی کارروائی میں حملہ آور کار سوار بھی ہلاک ہو گیا۔ موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں بدھ کو امریکی قونصلیٹ جنرل کے باہر یہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
اس فائرنگ واقعہ کی امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کی ہے۔ ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کے نامہ نگار نے محکمہ خارجہ کے ترجمان کے حوالے سے یہ بات کہی ہے۔ محکمہ خارجہ نے کہا کہ ’’ہم سعودی عرب کے جدہ میں واقع ہمارے قونصلیٹ جنرل کے باہر فائرنگ کے واقعہ کی تصدیق کر سکتے ہیں۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’اس واقعہ میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں قونصل خانہ کے مقامی سیکورٹی گارڈ فورس کا ایک رکن اور حملہ آور بھی شامل تھا، جسے سعودی سیکورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا۔
شائع رپورٹ کے طمابق محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ اور قونصل خانہ سعودی حکام سے رابطے میں ہیں کیونکہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ قونصل خانہ بند کر دیا گیا ہے اور حملے میں کسی امریکی شہری کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔