نئی دہلی جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کو جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر برف جمع ہونے کے باعث ٹریفک کانقل و حمل مسلسل بند ہے۔ ادھر سری نگر – لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک بند ہے تاہم وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔یو این آئی کی خبر کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کے پہاڑی علاقوں میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سے ہی رک رک کر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔متعلقہ محکمے کے مطابق وادی میں 3 فروری تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔جموں وکشمیر ٹریفک حکام نے پیر کو ‘ایکس ‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا ‘برف جمع ہونے کے باعث مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک بند ہے تاہم سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ برف باری کے باعث وادی کے پہاڑی علاقوں خاص کر سنتھن پاس، مغل روڈ، سادھنا پاس، رازن پاس اور زوجیئلا پاس پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اس دوران باغوں یا کھیتوں کی دوا پاشی یا آب پاشی کرنے سے احتراز کریں اور کھیتوں یا باغوں میں جمع پانی کی نکاسی کا بند و بست کریں۔انہوں نے مسافروں سے سڑک کی صورتحال کے مطابق سفر کرنے کی صلاح دی ہے۔