نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز 2002 کے گجرات فسادات میں مبینہ طور پر من گھڑت ثبوتوں سے متعلق ایک کیس میں سماجی کارکن تیستا سیتلواڑ کو دی گئی عبوری تحفظ میں توسیع کر دی۔ جسٹس بی آر گوائی، اے ایس بوپنا اور دیپانکر دتہ نے، ریاست گجرات کی طرف سے التوا کی درخواست کے بعد نوٹس جاری کرتے ہوئے سیتلواڑ کی ضمانت کی درخواست پر مزید سماعت کے لئے 19 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی۔
ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو، سالیسٹر جنرل تشار مہتا کے ساتھ حکومت گجرات کی جانب سے پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی دستاویزات اور ان کا ترجمہ عدالت میں جمع کرانے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے گجرات ہائی کورٹ کے اس حکم کے خلاف سماجی کارکن سیتلواڑ کی اپیل کی سماعت کی جا رہی تھی، جس میں ان کی باقاعدہ ضمانت سے انکار کیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے اسے ریاستی پولیس کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر کے سلسلے میں فوری طور پر خود سپردگی کرنے کا حکم دیا تھا، جس میں ان پر 2002 کے گجرات فسادات کے معاملے میں اعلیٰ سرکاری افسران کو ملوث کرنے کے لیے دستاویزات بنانے کا الزام لگایا گیا تھا۔
اس سے قبل، ہفتہ (یکم جولائی) کی دیر شام بلائی گئی ایک خصوصی میٹنگ میں عدالت عظمیٰ نے گجرات ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگاتے ہوئے انہیں گرفتاری سے ایک ہفتے کا تحفظ فراہم کیا تھا۔ سیتلواڑ گزشتہ سال ستمبر سے عبوری ضمانت پر ہیں۔ ہفتہ کو گجرات ہائی کورٹ کی طرف سے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد انہیں ’فوری طور پر خودسپردگی‘ کرنے کو کہا گیا۔