ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) میں تنظیم کے اندر بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ سپریہ سولے اور پرفل پٹیل این سی پی کے کارگزار صدر مقرر کیے گئے ہیں۔ اس کا اعلان خود شرد پوار نے کیا ہے۔ خیال رہے کہ 2 مئی کو شرد پوار نے این سی پی سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا لیکن کارکنوں کے اصرار کے بعد انہوں نے استعفیٰ واپس لے لیا تھا۔
کارگزار صدور کے علاوہ سپریہ سولے کو مہاراشٹر، ہریانہ، پنجاب، خواتین، یوتھ اور لوک سبھا کے تال میل کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ جبکہ پرفل پٹیل کو کارگزار صدر کے ساتھ مدھیہ پردیش، راجستھان اور گوا کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ سنیل تاٹکرے کو قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ انہیں اوڈیشہ، مغربی بنگال، کسانوں اور اقلیتی شعبہ میں پارٹی کے کام کو دیکھنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
اس اعلان کے بعد سپریہ سولے نے کہا کہ وہ پارٹی کی بہت شکر گزار ہیں اور وہ اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا اور لکھا- این سی پی کی سالگرہ کے موقع پر منعقد پروگرام میں مجھے اور پرفل بھائی پٹیل کو ورکنگ صدر منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے لیے میں پارٹی تنظیم کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ میں پارٹی کی طرف سے مجھ پر کیے گئے اعتماد کو درست ثابت کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔ این سی پی کے لیڈروں، عہدیداروں، کارکنوں اور خیر خواہوں کا ماضی میں بھی اچھا تعاون ملا ہے اور مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ اس ذمہ داری کے لیے ایک بار پھر پوار صاحب، عہدیداروں، سینئر لیڈروں اور کارکنوں کا شکریہ۔