چنئی: تھلاپتی کے نام سے مشہور تمل سنیما کے میگا اسٹار وجے نے سیاست میں قدم رکھ دیا ہے۔ انہوں نے فروری میں اپنی نئی سیاسی پارٹی ٹی وی کے (تمیلاگا ویٹری کزگم) کا قیام کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے جمعرات کو چنئی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک عظیم الشان تقریب کے دوران پارٹی پرچم اور علامت کو باضابطہ طور پر لانچ کر دیا۔ اس موقع پر پارٹی کا ترانہ بھی لانچ کیا گیا۔
خیال رہے کہ تمل ناڈو کی سیاست میں فلمی ستاروں کی شمولیت نئی بات نہیں ہے۔ ایم جی رامچندرن (ایم جی آر) سے لے کر جے للیتا تک اور شیواجی گنیسن سے لے کر رجنی کانت، کمل ہاسن اور وجے کانت تک، بہت سے تجربہ کار اداکار سلور اسکرین سے سیاسی اسٹیج پر آ چکے ہیں۔ اب اس فہرست میں تھلاپتی وجے کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔