نئی دہلی: ٹی ڈی پی قائد این چندرابابو نائیڈو کے فرزند نارالوکیش نے کہاہےکہ ان کی پارٹی آندھراپردیش میں نوکریوں کی تخلیق کرنے اور پسماندہ طبقات کی ترقی پر توجہ مرکوز کرے گی‘ لوکیش نے کہاکہ ریاست میں مسلمانوں کوفراہم کیا جانے والاریزرویشن بدستوربرقراررہے گا۔ہماری یہ پالیسی ہے جبکہ ٹی ڈی پی کی کلیدی اتحادی بی جے پی مسلم ریزرویشن کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 2 دہائیوں سے مسلمانوں کوتحفظات فراہم کئے جارہے ہیں ہم ان تحفظات کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ہم مسلم تحفظات کو جاری رکھیں گے۔
41سالہ ٹی ڈی پی قائد نارا لوکیش نے کہاکہ مسلمانوں کوتحفظات کی فراہمی خوشامدی نہیں ہے لیکن اقلیتوں کو سماجی انصاف ملنا ضروری ہے۔ اقلیتیں مسلسل مسائل کا شکار ہیں۔ان کی آمدنی بہت کم ہے۔ بطور حکومت میری یہ ذمہ داری ہے کہ انہیں غربت سے نکالوں۔چاہئے میں کچھ بھی فیصلے کروں اس کو خوشامدی کی سیاست نہیں کہا جاسکتا مگر میں انہیں غربت کے دائرہ سے باہر نکالوں گا۔اگر آپ ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانا چاہتے تو ہمیں کسی کوبھی پیچھے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ ہمیں مل جل کر کام کرناہوگا تب ہی ہم نشانہ حاصل کرسکتے ہیں۔سب کوساتھ لے کر چلنا ہی تلگودیشم پارٹی کا ٹریڈمارک ہے۔ اپنے والد نائیڈوکی گرفتاری کے بارے میں لوکیش نے کہاکہ یہ سیاسی انتقام تھا۔ میرے والد 52 دنوں تک جیل میں تھے جوانتہائی غلط ہے۔