ممبئی: ہندوستانی ٹیم کا پہلا دستہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کیلئے امریکہ روانہ ہوا۔ اس دوران ہیڈ کوچ راہول دراویڈ، کپتان روہت شرما اور جسپریت بمراہ سمیت کئی کھلاڑی نظر آئے۔ تاہم ویراٹ کوہلی ان کے ساتھ نظر نہیں آئے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیاجا رہاہے کہ کنگ کوہلی کاغذی کارروائی کی وجہ سے ٹورنامنٹ کیلئے روانہ نہیں ہوئے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ ٹیم انڈیا کا پہلا کھیپ امریکہ روانہ ہونے سے پہلے دبئی پہنچے گا۔ رپورٹس کے مطابق ویراٹ کوہلی 30 مئی کو امریکہ روانہ ہوسکتے ہیں۔ایسی صورتحال میں وہ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والے وارم اپ میچ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ کنگ کوہلی کے علاوہ ٹیم انڈیا کے نائب کپتان ہاردک پانڈیا نے بھی فرسٹ گروپ کا ساتھ نہیں دیا۔ بتایا جارہا ہے کہ وہ اس وقت لندن میں ہیں اور وہاں سے امریکہ پہنچیں گے۔
ہندوستانی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنی مہم کا آغاز 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم گروپ اے میں شامل ہے جس میں شریک میزبان امریکہ، کینیڈا اور پاکستان کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ہندوستان اور پاکستان گروپ مرحلے میں 9 جون کو نیویارک میں آمنے سامنے ہوں گے۔ ٹیم انڈیا نے اس عالمی ٹورنامنٹ کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جبکہ شبمن گل، رنکن سنگھ، خلیل احمد اور اویش خان بطور ریزرو کھلاڑی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے۔
روہت شرما، یشسوی جیسوال، ویراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت (وکٹ)، سنجو سیمسن (وکٹ)، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، شیوم دوبے، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، یوزویندر چہل، ارشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ، محمد سراج۔