راج کوٹ : یشسوی جیسوال، شبھمن گل اور سرفراز خان کی شاندار بلے بازی کے بعد گیند بازوں کی جارحانہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 434 رنز سے شکست دے دی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں رنز کے لحاظ سے ٹیم انڈیا کی سب سے بڑی جیت ہے۔ ہندوستان کی جانب سے دیے گئے 557 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی ٹیم 122 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
راجکوٹ کے نرنجن شاہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں یشسوی جیسوال نے ڈبل سنچری بنائی جب کہ شبھمن گل 9 رنز سے سنچری بنانے سے چوک گئے ۔ وہیں سرفراز خان نے بھی شاندار اننگز کھیلی۔ رویندر جڈیجہ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا کی سب سے بڑی جیت 372 رنز تھی، جو اس نے 2021 میں وانکھیڑے میں نیوزی لینڈ کے خلاف حاصل کی تھی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے 5 میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
نوجوان سلامی بلے باز یشسوی جیسوال نے دوسری اننگز میں 236 گیندوں پر 14 چوکوں اور 12 چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 214 رنز بنائے جبکہ شبھمن گل 151 گیندوں پر 91 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سرفراز خان نے 72 گیندوں پر ناٹ آوٹ 68 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں 445 رن بنانے والی ٹیم انڈیا نے اپنی دوسری اننگز 4 وکٹ پر 430 رن پر ڈکلیئر کردی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 319 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں 126 رنز کی برتری حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے مہمان انگلینڈ کو 557 رنز کا ہدف دیا تھا۔