پٹنہ: بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے ریاست میں بگڑتی ہوئی نظم و نسق کی صورتحال پر نتیش کمار حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست میں بڑھتے ہوئے جرائم کو لے کر وزیر اعلیٰ ’اندھے، بہرے اور گونگے‘ ہو گئے ہیں۔آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا، تیجسوی یادو نے کہا، ’’ریاست میں نظم و نسق کی صورتحال پوری طرح ابتر ہو چکی ہے اور نتیش کمار حکومت اس صورت حال کو بہتر بنانے سے قاصر ہیں۔ ریاست میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈروں کو حکمراں جماعت کی سرپرستی میں ہونے والے جرائم کی فکر نہیں ہے۔ وہ (این ڈی اے لیڈران) ریاست میں مجرموں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ ریاست میں بڑھتے جرائم کو لے کر وزیر اعلیٰ اندھے، بہرے اور گونگے ہو چکے ہیں۔ وہ نہ کچھ دیکھ سکتے ہیں نہ سن سکتے ہیں اور نہ کچھ کہہ سکتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے۔‘‘ تیجسوی نے الزام لگایا، "نتیش جی کا اقبال پوری طرح ختم ہو چکا ہے اور بہار ان سے نہیں سنبھالا جا رہا ہے۔‘‘
آر جے ڈی لیڈر نے کہا، ’’ریاست میں بدعنوانی کی حالت بھی ایسی ہی ہے۔ ہر محکمے میں کرپشن عروج پر ہے۔ ریاست میں جاری اراضی سروے اس کی ایک مثال ہے جہاں اہلکار لوگوں سے پیسے بٹور رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ریاستی حکومت کو ریاست میں جاری اراضی سروے کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مسائل کی کوئی فکر نہیں ہے۔ پورے عمل کو آسان بنایا جانا چاہیے۔‘‘
خیال رہے کہ حکومت بہار کے محکمہ محصولات اور زمینی اصلاحات نے زمین کے ریکارڈ کو ہموار کرنے کے مقصد سے ریاست بھر میں زمینوں کا سروے کرنا شروع کر دیا ہے۔ وزیر راعلیٰ نے پہلے ہی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست بھر میں زمین کے سروے اور اعدادوشمار جمع حاصل کرنے کے جاری عمل کو تیز کریں اور جولائی 2025 تک کام مکمل کریں۔