نئی دہلی :ہندوستان نے اسرائیل میں مقیم ہندوستانیوں کی وطن واپسی کے لیے ’آپریشن اجئے‘ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں ’آپریشن اجئے‘ سے متعلق جانکاری دی ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اسرائیل سے ہندوستان آنے کے خواہش مند لوگوں کے لیے آپریشن اجئے لانچ کر رہے ہیں۔ اسپیشل چارٹر فلائٹ اور دیگر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ بیرون ممالک میں رہنے والے اپنے شہریوں کی سیکورٹی اور بھلائی کے لیے ہم پوری طرح سے پابند عہد ہیں۔وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کے سوشل میڈیا پوسٹ پر اسرائیل میں موجود ہندوستانی سفارتخانہ نے کہا کہ جن ہندوستانی شہریوں نے اپنا رجسٹریشن کرایا ہے انھیںآج یعنی جمعرات 12 اکتوبرکی اسپیشل فلائٹ کے لیے ای میل کر دیا گیا ہے۔ بعد کی پروازوں کے لیے دیگر رجسٹرڈ لوگوں کو پیغام بھیجا جائے گا۔ واضح ہو کہ اسرائیل میں 20 ہزار سے زیادہ ہندوستانی مقیم ہیں۔ گویا کہ ہزاروں کی تعداد میں ہندوستانی وطن واپسی کا ارادہ رکھتے ہوں گے۔اس درمیان وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں بتایا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی باشندوں کی مدد کے لیے ایمرجنسی نمبرات جاری کیے گئے ہیں۔