چنڈی گڑھ: لوک سبھا انتخابات کے درمیان بی جے پی کو حمایت دینے والے 6 آزاد اراکین اسمبلی میں سے 3 نے حمایت واپسی کا اعلان کر دیا ہے، جس سے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی کی قیادت والی حکومت اکثریت کے لیے ضروری اراکین اسمبلی کی تعداد (45) سے پیچھے ہو گئی ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر بھوپیندر ہڈا کی موجودگی میں تینوں آزاد اراکین اسمبلی نے نہ صرف بی جے پی سے حمایت واپس لے لی، بلکہ کانگریس کی حمایت کا اعلان بھی کر دیا۔ روہتک میں پریس کانفرنس کے دوران اس تعلق سے اعلان کرتے ہوئے تینوں اراکین اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ وہ ہریانہ کے آئندہ اسمبلی انتخاب میں بھی کانگریس کی حمایت کریں گے۔
جن آزاد اراکین اسمبلی نے بی جے پی سے حمایت واپسی کا اعلان کیا ہے، ان کے نام ہیں رندھیر گولن (پنڈری)، دھرم پال گوندر (نیلوکھیڑی) اور سومویر سانگوان (چرکھی دادری)۔ تینوں نے کہا کہ وہ حکومت کی پالیسیوں سے خوش نہیں تھے اس لیے بی جے پی حکومت سے اپنی حمایت واپس لے رہے ہیں۔ دھرم پال گوندر کا کہنا ہے کہ ’’ہم حکومت سے حمایت واپس لے رہے ہیں۔ ہم کانگریس کو اپنی حمایت دے رہے ہیں۔ ہم نے کسانوں سے جڑے ایشوز سمیت مختلف ایشوز کو دھیان میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا ہے۔