راجدھانی دہلی کے 25 بڑے ڈرگس اسمگلروں کی ملکیتوں پر بلڈوزر چلانے کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن نے ڈرگس اسمگلروں کی ملکیتوں کو سیل بھی کر دیا ہے۔ ڈرگس اسمگلروں پر نکیل کسنے کی سمت میں پہلی بار اس طرح کی بڑی کارروائی کی گئی ہے۔
دراصل دہلی پولیس کی رپورٹ پر لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے میونسپل کارپوریشن کو اسمگلروں کی ملکیتوں کو سیل کرنے کی ہدایت دی تھی، جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔ یہ سبھی ایسے اسمگلرس ہیں جو طویل مدت سے بڑے پیمانے پر ڈرگس کا کاروبار کر رہے ہیں۔ اب ان کی ملکیتیں سیل کر دی گئی ہیں اور انھیں توڑنے کے لیے قانونی کارروائی بھی شروع ہو گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے گزشتہ 27 اپریل کو متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ ڈرگس اسمگلنگ کے لیے استعمال کی جا رہی ملکیتوں و عمارتوں کو سیل کریں اور ایسی ملکیتوں کو منہدم کرنے کی کارروائی شروع کریں۔ شہر میں ڈرگس مافیہ کے خلاف دہلی پولیس کے ذریعہ کی گئی کارروائی کے بعد پوری دہلی میں 25 ملکیتوں کی شناخت کی گئی، جن کا استعمال یا تو ملکیت کے مالکوں یا دیگر قبضہ کرنے والوں کے ذریعہ سے کیا جاتا تھا۔ اس کے بعد دہلی پولیس کی سفارش پر میونسپل کارپوریشن نے ملکیتوں کو سیل کر دیا۔