نئی دہلی:ملک میں جنوب مغربی مانسون کا قہر پہاڑی علاقوں سے لے کر میدانی علاقوں تک برپا ہے۔ مغربی ہمالیائی ریاستوں ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں شدید بارش کی وجہ سے جگہ جگہ لینڈ سلائیڈ سے کئی قومی شاہراہوں سمیت 400 سے زیادہ سڑکوں پر آمد و رفت بُری طرح سے متاثر ہو گئی ہے۔ بدری ناتھ ہائی وے بھی دن بھر بند رہا جبکہ کیدارناتھ پیدل راستہ دوسرے دن بھی شروع نہیں ہو سکا۔ہماچل پردیش کی اونچی چوٹیوں پر برفباری کے بعد 2 اضلاع میں اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے وہیں میدانی ریاستوں کی ندیوں میں زبردست طغیانی، سڑکوں پر آبی جماؤ سے عام زندگی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ موسم کی مار سے فی الحال تین دنوں تک کوئی راحت ملتی ہوئی نہیں دکھائی دے رہی ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق شمال مشرقی خلیج بنگال کے اوپر بنے کم دباؤ کے علاقے کی وجہ سے مغربی بنگال کے گنگا کنارے والے مقامات، اوڈیشہ، جھارکھنڈ میں 15 ستمبر تک شدید بارش ہونے کاامکان ہے۔ محکمہ نے 18 ریاستوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمال مشرقی اترپردیش کے اوپر بھی کم دباؤ کا علاقہ بنا ہے جس کے نتیجہ میں جمعہ کو یوپی اور اتراکھنڈ میں زبردست بارش دیکھی گئی۔ اوڈیشہ، مغربی بنگال اور جنوبی چھتیس گڑھ میں ہفتہ کو انتہائی شدید بارش کے سلسلے میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اتراکھنڈ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، سکم، وسط مہاراشٹر، گجرات اور شمال مشرق کی سبھی ریاستوں میں اگلے تین دن بھاری سے لے کر بہت بھاری بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔