نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ایک اپیل کی سماعت مقرر کی ہے جس کے ذریعہ داڑھی رکھنے پر مسلم پولیس ملازم کی معطلی کا مسئلہ اٹھایا گیا ہے۔مقدمہ کے دوران اس بات پر غور کیا جائے گا کہ آیا داڑھی رکھنے پر معطلی دستور کی دفعہ 25 کے تحت مذہب پر عمل کرنے کے بنیادی حق کی خلاف ورزی تو نہیں؟چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کی زیرصدارت بنچ نے جس میں جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس منوج مشرا بھی شامل تھے، اسٹیٹ ریزروپولیس فورس، مہاراشٹرا ایس آرپی ایف کے ایک مسلم کانسٹیبل کی جانب سے اٹھائے گئے اس مسئلہ کا جائزہ لینے سے اتفاق کرلیا۔
اس کانسٹیبل کو داڑھی رکھنے پر بمبئی پولیس مینول 1951 کی خلاف ورزی کے الزام میں معطل کردیا گیا تھا۔ چیف جسٹس نے ریمارک کیا کہ یہ دستور کا ایک اہم مسئلہ ہے اِس پر بحث کی جانی ہوگی۔ ہم اس معاملہ کی سماعت غیرمتفرق دن مقرر کریں گے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو اطلاع دی کہ عدالت عظمیٰ کے خصوصی لوک عدالت سیشن کے دوران اس سیول اپیل کی یکسوئی نہیں ہوسکی۔