رانچی: ای ڈی نے ایک بار پھر جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہیمنت سورین سے کہا گیا ہے کہ وہ بتائیں کہ وہ 29 جنوری سے 31 جنوری کے درمیان کب اور کس جگہ پوچھ گچھ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ ایجنسی نے سورین سے کہا ہے کہ اگر وہ سمن پر حاضر نہیں ہوتے ہیں تو اس کی ٹیم خود ان تک پہنچ جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے رانچی کے بڑگائیں علاقے میں تقریباً 8.46 ایکڑ زمین کی خرید و فروخت میں منی لانڈرنگ کے معاملے میں 20 جنوری کو سورین سے ان کی رہائش گاہ پر تقریباً سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔ ایجنسی اس معاملے میں مزید کئی نکات پر پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے۔ای ڈی کی جانب سے سورین کو دسویں مرتبہ سمن جاری کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے 22 جنوری کو انہیں نواں سمن بھیجا گیا تھا اور انہیں 27 سے 31 جنوری کے درمیان پوچھ گچھ کا وقت مقرر کرنے کو کہا گیا تھا۔ اس کے جواب میں سورین نے اپنے مصروف شیڈول کا حوالہ دیتے ہوئے 25 جنوری کو ایجنسی کو ایک خط لکھا تھا۔ سورین نے اس خط میں یہ واضح نہیں کیا کہ وہ پوچھ گچھ کے لیے کب دستیاب ہوں گے۔