نئی دہلی: مقدس سفر حج 2024 کے مکمل ہونے کے دو ماہ بعد مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو نے سفر حج 2025 کا اعلان کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی 2025 کے مقدس سفر حج کے لیے آن لائن فارم بھرنے کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ حج فارم بھرنے کا عمل بتاریخ 13 اگست 2024 سے 9 ستمبر 2024 تک جاری رہے گا۔ اس سال پہلی بار حج فارم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ کے علاوہ ’حج سویدھا ایپ‘ پر بھی بھرے جائیں گے۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو نے اپنی وزارت کے دفتر سے حج 2025 کے ایکشن پلان کو جاری کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اقلیتی امور جارج کورین، قومی اقلیتی کمیشن کے صدر اقبال سنگھ لال پورا، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر لیاقت علی آفاقی بھی موجود تھے۔
وزارت اقلیتی امور کی جانب سے جاری حج پالیسی 2025 میں حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے لیے پچھلی حج پالیسی کے مقابلے کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس کے تحت ریزرو زمرہ میں سفر حج کے لیے جانے والے عازمین حج کی عمر 70 سال سے گھٹا کر 65 سال کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ریزرو زمرہ کے عازمین حج کے ساتھ جانے والے ساتھی کی عمر بھی 18 سال سے 60 سال تک متعین کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سابقہ برسوں میں شروع کی گئی بغیر محرم کے سفر حج پر جانے کے عمل کو خواتین کے لیے زیادہ آرام دہ اور باحفاظت بنانے کے لیے 65 سال کی بغیر محرم خاتون کے ساتھ بھی 45 سے 60 سال کی ایک ساتھی خاتون کو سفر حج پر ساتھ جانے کی اجازت دی گئی ہے، تاکہ بغیر محرم خواتین کا سفر حج زیادہ سے زیادہ آرام دہ اور باحفاظت ہو۔ نئی حج پالیسی کے تحت اب حجاج کرام کی مدد اور رہنمائی کے لیے حج کمیٹی کی جانب سے ہر 150 حجاج کرام پر اسٹیٹ حج انسپکٹر بھی جائیں گے۔ پرانے انتظامات میں ایسے مددگاروں کو خادم الحجاج کہا جاتا تھا اور انھیں 200 حجاج کرام پر ایک کے تناسب سے بھیجا جاتا تھا۔ کُل ملا کر نئی حج پالیسی میں حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرانے کی سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔ اسی کے ساتھ پہلے کے مقابلے میں بہت پہلے سے ہی حج فارم بھرنے کا عمل شروع کرنے میں بھی حکومت کی منشا یہ ہے کہ سبھی طرح کے انتظامات وقت سے پہلے پورے کر لیے جائیں۔