نئی دہلی :کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے رام لیلا میدان میں انڈیا الائنس کی جمہوریت بچاؤ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ کھڑگے نے کہا کہ پی ایم مودی جمہوریت میں نہیں بلکہ آمریت میں یقین رکھتے ہیں اور ہم جمہوریت کو بچانے کی لڑائی آخری سانس تک رہیں گے۔مرکز کی مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے راحت اندوری کا یہ شعر پڑھا ’اپیل بھی تم، دلیل بھی تم، گواہ بھی تم، وکیل بھی تم۔ جسے بھی چاہو حرام کہہ دو جسے بھی چاہو حلال کر دو۔‘ انہوں نے کہا کہ متحد ہونا سیکھو، پہلے ہمیں متحد ہونا ہوگا، ایک دوسرے کو توڑنے کے بارے میں نہیں سوچنا ہے، ہمیں متحد ہوکر بی جے پی کو شکست دینا ہے، انڈیا الائنس کے لیے جو بھی مشکلات آئیں گی، ہم مل کر اسے دور کریں گے۔
میگاریلی سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے مودی حکومت پر جم کر تنقید کی اور کہا کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔ ان کو لگتا ہے کہ یہ ڈنڈے سے سب چلا لیں گے لیکن یہ ملک کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے، یہ 140 کروڑ لوگوں کو دیش ہے۔وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے مزید کہا کہ ’’یہ آزادی ہمیں ہزاروں شہیدوں کی قربانیوں سے ملی ہے۔ یہ اِن کے کسی باپ دادا کی جاگیر نہیں ہے۔ کیا سمجھتے ہیں یہ کسی کو بھی اندر کردیں گے، جو اسپتال بناتا ہے اس کو بھی اندر کردیں گے، جو اسکول بناتا ہے اس کو بھی اندر کردیں گے ، کسی پارٹی کے کھاتے فریز کردیں گے کسی کے لیڈر کو فریز کردیں گے۔ کیا ایسے جیتو گے؟ ہم وہ پتے نہیں ہیں جو شاخ سے ٹوٹ کر گر جائیں گے، آندھیوں سے کہہ دو کہ اپنی اوقات میں رہیں۔
میگا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت اور وزیر اعظم مودی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے 400 پار کا نعرہ دیا ہے لیکن یہ 400 سیٹیں جیت نہیں رہے بلکہ ان کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ یہ 400 سیٹیں ہار رہے ہیں، تبھی تو یہ سی بی آئی، ای ڈی اور محکمہ انکم ٹیکس کا استعمال کر کے اپوزیشن لیڈران کو نشانہ بنا رہے ہیں۔سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا، ’’میں اس میگا ریلی کے لیے عام آدمی پارٹی اور اس کے لیڈروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ یہ رام لیلا میدان ایک تاریخی میدان ہے۔ آج ہم سب اس مقام پر اکٹھے کھڑے ہیں۔ اس میدان سے یہ اعلان ہونے جا رہا ہے کہ دہلی میں بیٹھے حکمران زیادہ دیر ٹھہرنے والے نہیں ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ دہلی کی بھیڑ بتا رہی ہے کہ مودی جی (وزیر اعظم نریندر مودی) آندھی کی طرح آئے تھے اور طوفان کی طرح چلے جائیں گے۔ ہم ملک کے کونے کونے میں جہاں بھی جا رہے ہیں عوام کا آشیرباد حاصل کر رہے ہیں۔ ہم یہاں ملک کے آئین اور بھائی چارے کو بچانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ ملک میں تقسیم کا کام ہو رہا ہے۔ نفرت کی سیاست کی جا رہی ہے۔ اس لیے ہم سب لیڈر آپ کی لڑائی کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔