نئی دہلی: راجیہ سبھا سے 68 ارکانِ پارلیمنٹ کی مدت کار اس سال ختم ہو جائیگی۔ ان ارکانِ پارلیمنٹ میں سے سب سے زیادہ یعنی 60 کا تعلق بی جے پی سے ہے۔انگریزی اخبار ’دی اکنامک ٹائمز‘ کی خبر کے مطابق 2024 میں راجیہ سبھا کے جن ارکان کی مدت کار ختم ہو رہی ہے ان میں 9 مرکزی وزیر بھی شامل ہیں۔ اپنی مدت کار مکمل کرتے ہوئے ریٹائر ہونے والے ان ارکان میں سب سے زیادہ بی جے پی اور اتر پردیش سے تعلق رکھتے ہیں۔راجیہ سبھا سے ریٹائر ہونے والے کل 68 ایم پیز میں سے تقریباً 60 بی جے پی کے ہیں، جن میں سے 57 کی مدت اپریل میں ختم ہو رہی ہے۔ جن میں، مرکزی وزیر اشونی ویشنو، وزیر تعلیم بھوپندر یادو اور وزیر صحت منسکھ مانڈویا شامل ہیں۔ جبکہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی مدت کار بھی اپریل میں ختم ہو رہی ہے۔
2024 میں راجیہ سبھا کے جو ایم پیز ریٹائر ہونے والے ہیں ان میں سب سے زیادہ اتر پردیش سے ہیں، جہاں کے 10 ایم پیز ریٹائر ہونے جا رہے ہیں۔ اس کے بعد مہاراشٹر اور بہار کا نمبر آتا ہے جہاں کے 6-6 ایم پیز ریٹائر ہو رہے ہیں۔ جبکہ، مغربی بنگال اور مدھیہ پردیش سے 5، کرناٹک اور گجرات سے 4، اوڈیشہ، تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کیرالہ سے 3، جھارکھنڈ اور راجستھان سے 2، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، چھتیس گڑھ، ہریانہ سے ایک ایک راجیہ سبھا ایم پی ریٹائر ہو رہے ہیں۔