نئی دہلی: ملک کے مختلف حصوں میں اپریل تا جون کے دوران چار سے آٹھ دن کی نارمل گرمی کے مقابلے میں 10 سے 20 دن تک لو چلنے کا امکان ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ آئی ایم ڈی نے اپنے نئے اپ ڈیٹ میں کہا کہ لو کا سب سے زیادہ اثر گجرات، وسطی مہاراشٹر، شمالی کرناٹک، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں پڑے گا۔ اس کے ساتھ ہی اوڈیشہ، چھتیس گڑھ اور آندھرا کے شمالی حصوں میں بھی گرمی اپنے عروج پر پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ اپریل میں ملک کے بیشتر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جب کہ وسطی اور جنوبی ہندوستان میں اس کا زیادہ امکان ہے۔ دوسری طرف اپریل میں مغربی ہمالیہ کے علاقے اور شمال مشرقی ریاستوں کے کچھ حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔