نئی دہلی: کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے نے چہارشنبہ کے دن الزام عائد کیاکہ مودی حکومت‘ پی آر(تشہیر) کے لئے روزگار کا مشتبہ ڈاٹا استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتنی ہی وائٹ واشنگ کرلی جائے یہ سچائی نہیں بدل سکتی کہ لاکھوں متلاشیانِ روزگار روزانہ سڑکوں پر جدوجہد کررہے ہیں۔ نوکریاں بہت کم ہیں۔کانگریس صدر نے ایکس پر ایک میڈیا رپورٹ شیئر کی جس میں دعویٰ کیاگیاکہ ممبئی پولیس میں ویمن کانسٹبل اور ویمن کانسٹبل ڈرائیورس کی 1257جائیدادوں کیلئے ریاست بھر سے ایک لاکھ گیارہ ہزار درخواستیں آئی ہیں۔
کھرگے نے کہا کہ مودی حکومت میں بے روزگاری سب سے بڑی لعنت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں ایک لاکھ گیارہ ہزار خواتین نے 1257 مخلوعہ جائیدادوں کیلئے درخواست داخل کی۔ کئی عورتوں کو اپنے بچوں کے ساتھ فٹ پاتھ پر رات بسرکرنی پڑی۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ملک میں بے روزگاری کی صورتحال کتنی سنگین ہے۔انہوں نے کہا کہ 15جولائی کو گجرات کی ڈائمنڈورکرس یونین نے سوسائیڈہلپ لائن نمبر جاری کیاتھا جس پر 1600 کالس آئیں۔ فون کرنے والوں کی یا تو نوکریاں جاچکی ہیں یا وہ تنخواہوں میں کٹوتی کے بعد بڑی مشکل سے گھربارچلارہے ہیں۔
سورت کی مشہور ہیرا صنعت کو مندی کا سامنا ہے۔ فرمس نے اپنے 51ہزار ملازمین کے لئے 10 دن کی چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ گزشتہ ماہ ہم نے دیکھاتھا کہ ممبئی ایرپورٹ پر لوڈرس کی 2216 جائیدادوں کیلئے 25ہزار متلاشیانِ روزگار جمع ہوگئے تھے ایسے ہی بھگدڑجیسے مناظرگجرات کے بھڑوچ میں بھی دیکھے گئے تھے جہاں ایک خانگی کمپنی میں 10نوکریو ں کیلئے 1800افراد چلے آئے تھے۔ کھرگے نے کہا کہ مودی حکومت کتنی ہی لیپاپوتی کرلے یہ سچائی نہیں بدل سکتی کہ روزانہ لاکھوں متلاشیان ِ روزگار سڑکوں پر جدوجہد کررہے ہیں۔