نئی دہلی :لوک سبھا انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان کانگریس نے اپنے امیدواروں کی نئی فہرست آج جاری کی ہے۔ منگل کے روز جاری کی گئی اس فہرست میں 4 لوک سبھا سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں سے 2 لوک سبھا سیٹ ہماچل پردیش کی ہیں، جبکہ 1-1 لوک سبھا سیٹ ہریانہ اور مہاراشٹر کی ہیں۔جاری تازہ فہرست کے مطابق گزرے زمانہ کے مشہور اداکار اور سیاستداں راج ببر کو ہریانہ کی گڑگاؤں لوک سبھا سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے اور مہاراشٹر کی ممبئی نارتھ لوک سبھا سیٹ سے بھوشن پاٹل کو انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے۔ ہماچل پردیش کی کانگرا اور حمیر پور لوک سبھا سیٹ سے بالترتیب آنند شرما اور ستپال رائے زادہ کو ٹکٹ ملا ہے۔
اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ گروگرام لوک سبھا سیٹ پر راج ببر کا مقابلہ بی جے پی امیدوار راؤ اندرجیت سنگھ سے ہوگا جو کہ اس پارلیمانی حلقہ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ بھی ہیں۔ وہ اپنا پرچہ نامزدگی بھی داخل کرا چکے ہیں۔ حمیر پور پارلیمانی سیٹ سے کانگریس امیدوار ستپال کا مقابلہ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر سے ہوگا۔